مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ جس خطے میں اسلامی جمہوریہ ایران تیل فروخت نہیں کر سکے گا، وہاں کسی دوسرے ملک کو بھی تیل فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انہوں نے اپنا پیغام دوبارہ شیئر کیا۔ یہ پیغام امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکی افواج آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر چکی ہیں اور ایران کی تیل برآمدات روک دی گئی ہیں۔
قالیباف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس جنگ کی مساوات واضح ہے: سب کے لیے یا کسی کے لیے بھی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس خطے میں ہم تیل فروخت نہیں کریں گے، وہاں کوئی اور بھی تیل فروخت نہیں کرے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے آبنائے ہرمز کی سلامتی کے حوالے سے بھی کہا کہ اس اہم آبی گزرگاہ کی سلامتی امریکی دہشت گرد فوجیوں کی عدم موجودگی سے وابستہ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کی سلامتی یقینی نہ بنائی گئی تو کوئی بھی بنیادی ڈھانچہ محفوظ نہیں رہے گا۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز کی سلامتی کا انحصار امریکی افواج کی موجودگی کے خاتمے پر ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ ایران متعدد مرتبہ واضح کر چکا ہے کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال جنگ سے پہلے کی حالت میں واپس نہیں آئے گی۔
آپ کا تبصرہ